مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ کی حالیہ رپورٹ نے ہماری موقف کی تائید کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ساتھ ساتھ عالمی برادری نے بھی عمران خان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے جبری حراست نے دو ٹوک الفاظ میں عمران خان کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جب کہ ہم روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی فارم 47 سرکار میں انسانی حقوق کی پامالی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی دھڑادھڑ جاری ہے۔ بغض عمران میں سازشی ٹولہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کو پاں کے نیچے روند رہا ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی جعلی حکومت کو مہنگی پڑے گی۔ جب کہ اس سے ملک کی عالمی سطح پر بدنامی بھی ہوگی۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان پر مینڈیٹ چور سرکار نے جعلی مقدمات درج کیے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کارکنان کے خلاف مقدمات فی الفور ختم کیے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی