i پاکستان

بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں 21 ماہ میں 55 کروڑ روپے اخراجات ہوئےتازترین

January 09, 2025

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اڈیالہ جیل میں 21 ماہ قید کے دوران 55 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان تقریباً520 دنوں سے جیل میں ہیں۔ اور ان کے خلاف 188 مقدمات فائل کیے گئے ہیں۔ جن میں 4 انویسٹی گیشنز اور انکوائریز نیب میں ہیں۔عمران خان کے خلاف 12 انویسٹی گیشنز ایف آئی اے میں ہیں۔ جبکہ ملک بھر کے 70 پولیس اسٹیشنز میں 172 کریمینل مقدمات ہیں۔رپورٹ کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ حکومت نے جیل میں عمران خان پر 55 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ عمران خان کے قید خانے کے ارد گرد 26 سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ 5 ایجنسی کے آپریٹرز جیل کے باہر تعینات ہیں جو سیکیورٹی معاملات دیکھ رہے ہیں۔سرکاری حکام نے کہا عمران خان کی سیکیورٹی اہلکاروں کو تنخواہوں کی مد میں5 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔

جبکہ عمران خان کے قید خانے کو ارد گرد سے بہتر بنانے کے لیے 2 کروڑ روپے کا خرچ آیا۔ عمران خان کے لوازمات اور کھانے پینے پر 5 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ سیکیورٹی پر 12 لاکھ روپے ماہانہ خرچ آتا ہے۔عمران خان کے کھانے پینے کا روزانہ کی بنیاد پر خرچہ 32 ہزار روپے ہے۔ جو کہ حکومت پاکستان کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ عمران خان کے اڈیالہ جیل میں قائم بینک میں بھی 2 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے۔ اور وہ جتنے اخراجات کرنا چاہیں کر سکتے ہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم اور پراسیکیوٹرز پر اب تک 30 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ جو ہائی پروفائل مقدمات ہیں۔ایف آئی اے کے 16 ایویسٹی گیٹرز ان کے خلاف 12 مقدمات دیکھ رہے ہیں۔ جن پر 5 کروڑ روپے خرچ آیا ہے۔ جبکہ ملک بھر کے تھانوں میں 172 مقدمات میں عمران خان پر سیکیورٹی آفیشلز کی جانب سے 10 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی