پی ٹی آ ئی رہنما رئوف حسن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آگئے اور الیکشن ہوگئے تو ان کا طرز سیاست ختم ہوجائے گا، بانی پی ٹی آئی کو ڈیل کرنا ہوتی تو پہلے 10 دن میں ہی باہر آجاتے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان لوگوں کو عمران خان کے باہر آنے کا ڈر ہے، اگر وہ آج بھی باہر آنا چاہیں تو آسکتے ہیں اگر ڈیل کرلیں لیکن وہ ڈیل نہیں کررہے اسی لیے باہر نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ڈیل موجود ہے وہ کیا ڈیل ہے نہیں بتاسکتا، جو حکومت عمران خان سے ملاقات نہیں کراسکی ان کے پاس کیا اختیار ہوگا۔رئوف حسن نے اعتراف کیا کہ اقتدارمیں وہ کام نہیں کرسکے جو کرنا چاہتے تھے، بانی پی ٹی آئی حقیقی ریفارمز کے ساتھ اقتدار میں آنا چاہتے تھے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف جیل گئے تو بیماری کی آڑ میں بیرون ملک نکل گئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں میٹنگ میں جو بھی باتیں ہوئی ہیں نہیں بتاسکتا، امریکی انتظامیہ نے انفرادی نہیں اپنے مفادات کے مطابق فیصلے کرنے ہیں۔رئوف حسن نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنادیں مذاکرات ہوجائیں گے، ہائوس کمیٹی کے پاس بھی اختیار نہیں ہوں گے تو پھر فائدہ ہی نہیں ہے، ہم نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن حکومت کے پاس اختیار نہیں، شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرنئی کمیٹی بنادی گئی ہے، اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، گرینڈ الائنس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے بعد آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی