i پاکستان

بانی پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی واقعات کے ذمہ دار قرار، 8 مقدمات میں ضمانتیں مستردتازترین

November 30, 2024

انسداد دہشت گری عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 9 مئی واقعات کا ذمہ دار قرار دیدیا،عدالت نے عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت فیصلے میں کہا گیا کہ زمان پارک میں تیار کی گئی سازش کے گواہان کے بیان ریکارڈ پر موجود ہیں، پراسیکیوشن کے مطابق خفیہ پولیس اہلکاروں نے خود کو پی ٹی آئی ورکر ظاہر کرتے ہوئے اس سازش کو سنا تھا، پراسیکیوشن کے پاس بانی پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی کے ہدایات کے آڈیو سمیت دیگر ثبوت موجود ہیں۔عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ موجودہ کیس سازش یا اشتعال انگیزی پر اکسانے کا کوئی معمولی کیس نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ناصرف لیڈران بلکہ ان کے کارکنان اور حمایتیوں نے سختی سے عمل کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ وکیل بانی پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایا کہ مبینہ سازش کی کوئی تاریخ، وقت اور جگہ متعن نہیں، پراسیکیوشن کے مطابق زمان پارک میں 7 مئی اور 9 مئی کو اس سازش کو تیار کیا گیا۔فیصلے میں لکھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے ایک سازش تیار کی، سازش تیار کی گئی کہ گرفتاری کی صورت میں دیگر قیادت ریاستی مشینری کو جام کر دے۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیے کہ وقوعے کے وقت بانی پی ٹی آئی گرفتار تھے، دلائل میں وزن نہیں کہ بانی پی ٹی آئی وقوعے کے وقت گرفتار تھے، پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری سے قبل سازش تیار کی۔فیصلے میں کہا گیا کہ وکل بانی پی ٹی آئی نے دلائل دیے کہ بانی پی ٹی آئی کی مختلف کیسز ضمانت بعد از گرفتاری ہو چکی ہے، ہر کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے، پراسیکیوشن کا کیس ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملٹری تنصیبات پر حملوں کی ہدایت کی اور سازش تیار کی۔تحریری فیصلے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چودھری کی ضمانت کے فیصلے میں سازش کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے کردار پر بحث کی ہے، بانی پی ٹی آئی کوئی معمولی آدمی نہیں، ان کی ہدایات اور بیانات کی ان کے حامیوں کی نظر میں ایک قدر ہے، پی ٹی آئی کی دیگر قیادت نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کو مسترد کرنے کا سوچا تک نہیں۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ پولیس کے مطابق 11 مئی کو پولیس اہلکار پر تشدد سمیت ایسے بہت سے واقعات رونما ہوئے، تمام واقعات میں ملٹری تنصیبات، سرکاری اداروں اور پولیس اہلکاروں پر حملے گئے، بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی