i پاکستان

باجوڑ دھماکا،جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی،90 سے زائد زخمیتازترین

July 31, 2023

باجوڑ خودکش دھماکے کے مزید 3 زخمی چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے دھماکے کے مزید تین زخمیوں کے دم توڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 90 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 38 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث اسپتال میں رکھی ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں باجوڑ دھماکے کے 16 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے بیشترکی حالت خطرے سے باہر ہے، ایک زخمی کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد تین مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 38 افراد کی میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مقامی افراد لاپتہ پیاروں کی تلاش میں اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں، واقعہ کے بعد باجوڑ کی فضا سوگوار ہے، ہر طرف غم کا سماں ہے، جاں بحق متعدد افراد کو ہزاروں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپردخاک کردیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی