مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کو ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ،خطے میں کشیدگی کا پاکستان پر براہ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں،اسرائیل کا اصل ٹارگٹ ایران ہے، لبنان یاحزب اللہ نہیں ہے، ایرانی بھائیوں کومشورہ دوں گا آپ ردعمل نہ دیں آپ کیلئے ٹریپ ہے ۔ایک انٹرویو میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ نیتن یاہوکوپتہ ہے جس دن جنگ ختم ہوگی اس کی حکومت ختم ہوجائے گی۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حزب اللہ بہانہ ہے اصل نشانہ ایران ہے، اسرائیل کی کوشش ہے کسی طرح ایران اس جنگ میں کودجائے، اسرائیل ایران کوٹریپ کرنے کی کوشش کررہاہے، ایرانی بھائیوں کومشورہ دوں گا آپ ردعمل نہ دیں آپ کیلئے ٹریپ ہے۔ سابق سینیٹر نے کہا کہ امریکا میں اس وقت حکومت نہیں وہاں اسٹیبلشمنٹ کام کر رہی ہے، اسرائیل کے معاملے پر جو کچھ ہو رہا ہے امریکی اسٹیبلشمنٹ کررہی ہے ، اسرائیل کااصل ٹارگٹ ایران ہے، لبنان یاحزب اللہ نہیں ہے، ایران اگرردعمل دیگاتواسرائیل کے ٹریپ میں آجائیگا، یہ بھی درست ہے ایران پرعوام کا دبائوہے لیکن ردعمل نہیں دینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ اورحسن نصراللہ کی شہادت ایرانی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے، اسرائیلی کارروائیوں کی وجہ سے اب ایران کو ایٹم بم بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا، ایران اب کہے گا کہ ایٹم بم کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مشرق وسطی کو ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، مشرق وسطی کشیدگی کے 3 بڑے کھلاڑی اسرائیل ، امریکا اور ایران ہیں، مشرق وسطی کشیدگی کا پاکستان پر براہ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ ہے، اس حقیقت سے بھی انکار نہیں ہندوستان ہمارا دشمن ہے، خدانخواستہ بھارت پاکستان پر جارحیت کرتا ہے تو امریکا اس کی حمایت کرے گا، پاکستان کے پاس نیوکلیئر صلاحیت ہے اور بھارت کو اسی کا خوف ہے۔انھوں نے کہا کہ حسن نصراللہ کی کی شہادت سے حزب اللہ ختم نہیں بلکہ اور مضبوط ہوگی، آئیڈیا کا قتل نہیں کیا جاسکتا، آئیڈیالوجی کبھی ختم نہیں ہوتی، میری نظر میں اسرائیل کی اب کوشش ہوگی یحی سنوار کو شہید کرے۔پیجر دھماکوں کے حوالے سے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پیجرکے معاملے پرناروے کی حکومت نے تحقیقات شروع کردی ہیں، پیجرایک بھارتی شہری نے ناروے کے ذریعے حزب اللہ کوفروخت کیے تھے، گزشتہ سال قطرمیں بھی 8بھارتی ایجنٹوں کوسزائے موت سنائی گئی تھی، یہ توثابت ہوتاہیکہ بھارت اسرائیل کی مکمل حمایت کررہاہے، اسرائیل بھارتی ایجنٹوں کومشرق وسطی کے ممالک میں استعمال کرتا ہے۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ 1998 میں اسرائیل پاکستان کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اب تک جو بھی کیا ہے اسکے پیچھے مغرب اور امریکا کا آشیرباد تھا، وہی آشیرباد بھارت کو بھی حاصل ہے، بھارت کو بھی اسپیشل ڈیفنس پارٹنر کا رول دیا ہوا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف کی نسبت موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔فلسطین سے متعلق انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں امریکااوریورپی ممالک برابرکے شریک ہیں ، فلسطینی ریاست نہ ہونا اسرائیل کا خواب ہیاوریہ کبھی ممکن نہیں ہوسکتا، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ فلسطینی ریاست نہ ہو، دیوانے کا خواب ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی