اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے تین جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد سفیان اور زین علی کو دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہوں، وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، دہشتگرد اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف جنگ کے غیر متزلزل عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، سردار ایاز صادق نے کہا ملک دشمن شرپسند عناصر دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اسپیکر نے اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے بھی جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے تین جوانوں کی شہادت پر افسوس اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، ہمارے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گئیں، سیکیورٹی فورسز کے جری جوانوں نے ملک سے دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کا عزم کیا ہوا ہے، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔ڈپٹی اسپیکر نے شہدا کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی