سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، حماس نے ایک لمحے کیلئے بھی اپنی جدوجہد کو بند نہیں کیا، میری اسماعیل ہانیہ سے ملاقات ہوئی اسماعیل ہانیہ نے بتایا ایک شہید ہوگا تودوسرا بھی تیار ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے خود بتایا میرے خاندان کے 31لوگ شہید ہوچکے ہیں، اسماعیل ہانیہ ایک سمندر کی طرح دل رکھتے تھے،مسکراتے رہتے تھے، اسماعیل ہانیہ عالم اسلام کی بہت بڑی شخصیت تھی، اللہ ان کی شہادت کو قبول فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو چاہیے اس کارروائی کا بھرپور جواب دے، سب جانتے ہیں یہ یہودی اور اسرائیلی کارروائی ہے، اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ اسماعیل ہانیہ کو زندہ نہیں چھوڑیں گے ۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ اب یہ مسئلہ ڈائیلاگ کا نہیں ہے، اب ایک ہی حل ہے اسرائیل مسلمانوں کے علاقے سے نکل جائے، اسرائیل ایک دہشتگردہے اس نے اسلامی سرزمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، یہ صرف غزہ یا فلسطین کی جدوجہد نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی