پشاور میں واقع اسلامیہ کالج کے لیکچرار کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو منگل 21 فروری کو خیبر پختونخوا کے علاقے کرک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ملزم غائب ہوگیا تھا اور کرک میں روپوش تھا۔ ملزم شیر محمد اسلامیہ کالج میں چوکیدار کرتا تھا۔ واضح رہے کہ اتوار 19 فروری کی صبح پشاور کی اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں چوکیدار نے لیکچرار بشیر احمد پر فائرنگ کردی تھی، جس سے بشیر احمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعہ سے متعلق اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے ترجمان علی ہوتی کا کہنا تھا کہ بشیر احمد اسلامیہ کالج میں انگریزی کے شعبے سے وابستہ تھے اور ان کہ رہائش بھی یونیورسٹی کے اندر ہی تھی۔ ترجمان کا مزید بتانا تھا کہ چوکیدار اور بشیراحمد کے درمیان چند روز قبل بھی تلخ کلامی ہوئی تھی لیکن وہاں موجود لوگوں نے دونوں کے درمیان صلح صفائی کرادی تھی۔ ملزم شیر محمد اور بشیر احمد کے درمیان اتوار 19 فروری) دوبارہ تلخ کلامی ہوئی، جس پر شیر محمد نے فائرنگ کرکے بشیر احمد کو قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی