لاہور ہائیکورٹ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں فحش ویڈیوز اور مبینہ نشے کی فروخت کے معاملے کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمشن بنانے کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست شہری مشکور حسین نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی وساطت سے دائر کی ہے، درخواست میں ایف آئی اے، آئی جی پنجاب ، نگران وزیر اعلی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور تعلیمی درسگاہ ہے جہاں فحش ویڈیوز کا افسوسناک سکینڈل سامنے آیا ہے، فحش ویڈیوز کے سکینڈل میں یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی افسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملہ انتہائی حساس ہے لاہور ہائیکورٹ معاملے کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن یا ٹریبونل بنانے کا حکم دے، عدالت اس معاملے کی پراگریس رپورٹ طلب کر کے خود تحقیقات کی نگرانی کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی