وفاقی دارالحکومت اسلام اباد کی تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کی آزمائشی سروس شروع کر دی گئی۔یہ سروس پیر 24 جون کو شروع کی گئی ہے اور اس کو فیڈر روٹ نمبر چار پر چلایا گیا ہے جو پمز ہسپتال سے لے کر قائد اعظم یونیورسٹی تک ہے۔ہلکے نیلے رنگ کی برقی بسیں پمز ہاسپٹل سے قائد اعظم یونیورسٹی تک ہر 10 منٹ بعد چلائی جا رہی ہیں تا ہم ابھی سواریوں کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ بسیں پمز سے ہر دس منٹ بعد اپنے سفر کا اغاز کرتی ہیں اور ریڈیو کالونی ستارہ مارکیٹ میلوڈی آبپارہ نادرہ چوک اور سرینا ہوٹل سے ہوتے ہوئے ریڈیو پاکستان اور بری امام تک پہنچتی ہیں جہاں ان کا آخری سٹاپ یونیورسٹی ہے۔واضح رہے کہ ان الیکٹرک بسوں کی باضابطہ سروس نئے مالی سال یکم جولائی سے شروع ہوگی اور توقع کی جا رہی ہے کہ شروع کے کچھ دن یہ سروس عوام کو مفت فراہم کی جائے گی جس کے بعد 50 روپے کا ٹکٹ لاگو کیا جائے گا۔اسی طرح پمز ہسپتال سے نسٹ یونیورسٹی تک بھی فیڈر سروس الیکٹرک بسوں کی آزمائشی سروس شروع کر دی گئی ہے ۔یہ روٹ کراچی کمپنی جی 10 اور جی 11 مرکز سے گزرتا ہوا نسٹ یونیورسٹی تک جائے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام اباد کے شہریوں نے الیکٹرک بسوں کی ازمائشی سروس کے آغاز پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے اور سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ برقی بسیں ماحول دوست ہیں جو آلودگی اور شور سے پاک ہیں ۔ان برقی بسوں سے بالخصوص بزرگ شہریوں طلبہ اور خواتین کو بہت زیادہ سہولت حاصل ہوگی جو سکول کالج یونیورسٹیوں اور دفاتر میں آنے جانے میں اس کو استعمال کر سکیں گے۔واضح رہے کہ سی ڈی اے کے زیر اہتمام گرین لائن اور بلیولائن سروس پہلے ہی اسلام اباد میں چل رہی ہے تا ہم وہ الیکٹرک بسیں نہیں ہیں۔گرین لائن سروس پمز ہسپتال سے 12 کہو جبکہ بلیو لائن پمزسے گلبرگ تک جاتی ہے۔مجموعی طور پر 14 فیڈر روٹس کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے اب تک چار فنکشنل ہو چکے ہیں جبکہ باقی 10 بتدریج فنکشنل ہو جائیں گے ۔یہ تمام الیکٹرک بسیں چین سے منگوائی جا رہی ہیں۔ ایک سو 60 بسوں کی کھیپ میں سے 30 بسیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔سی ڈی اے کا یہ ماحول دوست اقدام اسلام اباد کے شہریوں کو جدید ترین سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے لانچ کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی