اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)نے 3 رکنی اعلی سطح پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جبکہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سی اے اے ایئر وائس مارشل جمال ارشد تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔ سی اے اے کے ڈاریکٹر سیکیورٹی ایئر کموڈور شاہد قادر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن نوید خان تحقیقاتی ٹیم کے رکن کے طور شامل ہیں۔ سی اے اے کی تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات کی وجوہات پر تحقیقات کرے گی اور صفائی کے نظام میں خامیاں اور مانیٹرنگ نظام سے متعلق بھی تحقیقات کرے گی۔ اس کے علاوہ تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ناقص انتظامات کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو 48 گھنٹوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی کے ناقص انتظامات سے متعلق تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی