اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی ، پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائی کورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں، لہذا ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔جج نے ریمارکس دئیے کہ اب جلدی سماعت نہیں رکھی جا سکتی ، سماعت چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی ، اس پر وکیل نے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے رکھ لیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دینے ہیں ، جج افضل مجوکا نے بتایا کہ آئندہ ہفتے تو کیسز کا کافی رش ہے۔بعد ازاں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کو ویڈیو لنک یا فزیکلی حاضری کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے۔اسی کے ساتھ سیشن عدالت نے نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی