پی ٹی آئی رہنماعمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آج 4 اکتوبر کو ہر حال میں احتجاج ہوگا، یہ ہمارا آئینی حق ہے،احتجاج کی حکمت ترتیب دیدی گئی ہے ،حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک پورے ملک میں زورو شور سے جاری ہے ، یہ حکومت لندن پلان کے تحت چل رہی ہے، اپنی کرپشن چھپانے کے لئے آئین میں ترمیم چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونے دینگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اپوزیشن لینڈ نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز کے احتجاج میں ہمارے لوگوں پر تشدد اور فائرنگ کی گئی۔پرامن مظاہرین پر لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے ۔ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس تیزی سے گر رہے وہ جلد لندن بھاگ جائیں گے۔ ہم پر بنائے گئے تمام کیسز بوگس ہیں ، ہمارے لوگوں کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے۔ہم سیاسی لوگ ہیں پرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ لندن پلان کے تحت قانون سازی کی جا رہی ہے۔
یہ آئینی ترمیم نہیں کر سکیں گے۔اپنی کرپشن چھپانے کیلئے آئین میں ترمیم چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونے دینگے۔ہم ان کا ہر حربہ ناکام بنادیں گے ۔آئینی ترامیم کے ذریعے یہ لوگ عدلیہ کو دبا ئومیں لانا چاہتے ہیں ۔یہ لوگ چاہتے ہیں کہ عدلیہ کو دبا ئومیں لاکر اپنی مرضی کے فیصلے لئے جائیں۔آئینی ترامیم کو کسی صورت منظور نہیں ہونے دیں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماعمر ایوب نے کہا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ ہو گیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ چار گھنٹے کھڑے رہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ ہم سیاسی جماعت ہیں اورقومی وصوبائی اسمبلی میں آفس ہولڈربھی رہے ہیں۔حکومت کے ظلم کیخلاف ہم اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے ۔آئے روز ہمارے کارکنوں و رہنماں پر ناجائز مقدمات قائم کئے جاتے ہیں۔اس سے قبل اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور احمد خان بھچر سرگودھا کی انسداددہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی