اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مارچ 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق مارچ میں 1400 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جس میں 181 فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 21 لاکھ 89 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے رپورٹ کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 11 فوڈ پوائنٹس سیل کیے گئے اور 161 نئے لائسنس بھی جاری کیے گئے۔ رمضان المبارک کے دوران، سحری اور افطار کے اوقات میں فوڈ پوائنٹس کی سخت چیکنگ کی گئی، جس میں 110 سحری اور 307 افطار فوڈ پوائنٹس کی جانچ کی گئی۔ اس دوران، 358 فوڈ سٹالز کا معائنہ کیا گیا اور 1,442 لٹر کولڈ ڈرنکس، 88 کلو گوشت، 76 کلو ایکسپائرڈ اشیا، 120 لٹر ناقص آئل تلف کیا گیا۔ علاوہ ازیں، 512 کلو ڈیری اشیا، 280 کلو ممنوعہ ناقص اشیا اور 560 پیکٹ گٹکا بھی تلف کیے گئے۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی اشیا کے 8 سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے اور 27 شکایات کا بروقت ازالہ کرتے ہوئے متعلقہ کارروائیاں کی گئیں۔ اس کے علاوہ، 723 فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ عید کے ایام میں ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی گئی اور اس کی سرگرمیوں کو محدود رکھا گیا۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ غیر معیاری اور ممنوعہ اشیا کی فروخت میں ملوث کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو اپیل کی ہے کہ وہ اشیا کی خریداری سے قبل ان کی جانچ پڑتال یقینی بنائیں اور صرف منظور شدہ اشیا استعمال کریں تاکہ صحت کے لیے خطرات سے بچا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی