i پاکستان

اسلام آباد اور پشاور سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکامتازترین

February 27, 2023

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات کی کارروائیاں ملک بھر میں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے فلائٹ نمبر کیو آر 633 کے ذریعے دوحا جانے والے ملزم سے 2 کلو 108 گرام آئس برآمد کرلی گئی، جو سوٹ کیس میں چھپائی گئی تھی۔ حکام نے خیبر کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب باچہ خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اے این ایف اور اے ایس ایف کی مشترکہ کارروائی میں فلائٹ نمبر پی کے 217 کے ذریعے ابوظبی جانے والے ملزم سے 123 گرام چرس برآمد کرلی گئی، جسے جوتوں میں چھپایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد موٹر وے کے قریب کار سے 56 کلو 400 گرام چرس اور 8 کلو 400 گرام افیون برآمد کرکے سیالکوٹ کے رہائشی 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثنا اسلام آباد موٹر وے کے قریب ایک اور کارروائی میں نوشہرہ کے رہائشی ملزم سے 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ برہان ٹول پلازہ کے قریب ایک کارروائی میں کار سے 500 گرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی