i پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ، تنویر الیاس پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری، جواب طلب جسمانی ریمانڈ کے دوران فیملی سے ملاقات کی استدعا بھی منظورتازترین

May 23, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے  آج (جمعہ کو) جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے جمعرات  کو  سردار تنویر الیاس کی درخواست پر سماعت کی، سردار تنویر الیاس کے وکیل ہارون الرشید، ملک غلام صابر عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی کیا درخواست ہے؟ وکیل نے بتایا کہ تنویر الیاس کو مارگلہ پولیس نے فیملی معاملے میں ایک کیس میں گرفتار کیا، مجسٹریٹ سے ضمانت ہوئی تو لوکل پولیس نے تنویر الیاس کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا، درخواست گزار اب 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔انہوں نے استدعا کی کہ ہم چاہتے ہیں درخواست گزار کے خلاف اور کتنے مقدمات درج ہیں اس کی تفصیلات فراہم کی جائے، دوران جسمانی ریمانڈ فیملی سے ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیسز کی تفصیلات فراہمی درخواست پر  آج (جمعہ) تک فریقین سے جواب طلب کرتے یوئے تنویر الیاس کی دوران جسمانی ریمانڈ فیملی سے ملاقات کی استدعا بھی منظور کرلی۔عدالت نے دریافت کیا کہ تنویر الیاس کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟ پولیس ایف آئی اے و دیگر فریقین  ایک روز تک جواب جمع کروائیں۔واضح رہے کہ 21 مئی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی