i پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنر اور نان بائیوں کو نان روٹی کی متفقہ قیمت کے تعین کا حکمتازترین

May 10, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور نان بائیوں کے نمائندوں کو نان اور روٹی کی متفقہ قیمت کا تعین کرنے کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ تندور والے جون جولائی میں دہکتی آگ میں جا کر روٹی لگاتے ہیں، عدالت نے ریڑھی لگانے والے غریب کا مفاد بھی دیکھنا ہے، روٹی کی قیمت امیر آدمی کا مسئلہ نہیں ہے، امیر آدمی کو تو روٹی کی قیمت ہی نہیں پتہ۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں روٹی اور نان کی نئی کم قیمتوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت سٹیٹ کونسل نے موقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اس معاملے پر عدالت کی معاونت کرینگے وہ ابھی پہنچے نہیں جس پر جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل نہیں پہنچے تو عدالت انتظار نہیں کرے گی۔ سٹیٹ کونسل نے موقف اپنایا کہ پہلے گندم کا بحران ہوتا تھا اس بار گندم بہت زیادہ ہو گئی ہے، آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے کم ہو چکی ہے اس لیے روٹی اور نان کی قیمتیں کم کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹے کی قیمت بڑھتی ہے تو یہ فوری قیمتیں بڑھا دیتے ہیں لیکن کمی کے ساتھ کم نہیں کرتے جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ عدالت نے تندور والے غریب لوگوں کا مفاد بھی دیکھنا ہے، تندور والے جون جولائی میں دہکتی آگ میں جا کر روٹی لگاتے ہیں، عدالت نے ریڑھی لگانے والے غریب کا مفاد بھی دیکھنا ہے۔ دوران سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے مزید کہا کہ روٹی کی قیمت امیر آدمی کا مسئلہ نہیں ہے، امیر آدمی کو تو روٹی کی قیمت ہی نہیں پتہ۔ وکیل نان بائی ایسوسی ایشن نے عدالت سے استدعا کی کہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن معطل کر دیں، ہمارے لوگ گرفتار اور تندور سیل ہیں۔ عدالت نے سیل کردہ تندور ڈی سیل اور گرفتار لوگوں کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کل 12 بجے بیٹھ کر ڈپٹی کمشنر اور نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندے مشاورت سے نئی قیمتوں کا تعین کریں۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئی قیمتیں متعین کر کے تین دن میں رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی