امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی اور علاقائی امور بشمول افغان پناہ گزینوں کے تحفظ اور معاشی شعبوں میں تعاون کے امور پر غور کیا گیا۔ امریکی سفارتخانے کی پاکستان میں ترجمان جوناتھن لالی کے مطابق امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے منگل کو نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔ بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران سفیر ڈونلڈ بلوم اور نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے وسیع باہمی اور علاقائی امور، بشمول افغان پناہ گزینوں اور پناہ کے خواہاں افراد کا تحفظ، معاشی شعبوں میں تعاون، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ بیان کے مطابق سفیر ڈونلڈ بلوم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلق پاکستان کی ترجیحات کے بارے میں نائب وزیراعظم کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی