سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کا محافظ ہوں اور رہوں گا، اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کی غیر اخلاقی حرکات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔قصور کی تحصیل کھڈیاں خاص میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے حقوق کا محافظ بن کر بیٹھا ہوں، اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران حکومت بینچز کو خاموش رہنے کا پابند کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کی غیر اخلاقی حرکات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ملک احمد خان کا شجرکاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ سکولوں میں شجرکاری مہم سے متعلق آگاہی دینا ہوگی، شعبہ تعلیم شجرکاری مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کر سکتا ہے، شجرکاری کو نصاب میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگائیں اور پروان چڑھنے تک ان کی حفاظت بھی کریں، شجرکاری مہم میں عوام کا تعاون بہت ضروری ہے، لگے پودے نظر آتے ہیں اپنے ثمرات بھی دیتے ہیں، بلین ٹری بھی خیبرپختونخوا کے بھائیوں کی کوشش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خطرناک ملک بنتا جا رہا ہے، پلاسٹک کے استعمال کو روکنا قومی فریضہ سمجھیں اور اسے روکیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہے، ارشد ندیم نے ناصرف پاکستان کا مقدمہ لڑا بلکہ جیتا بھی ہے، ارشد ندیم کو پنجاب اسمبلی میں خوش آمدید کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی