i پاکستان

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا، نوٹیفکیشن جاریتازترین

November 01, 2022

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا، اوگرا کی جانب سے ماہ نومبر کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 34 روپے 91 پیسے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 134 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ اضافے کے نتیجے میں فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت 204 روپے مقرر، گھریلو سلنڈر کی قیمت 2374 روپے سے بڑھ کر 2409 روپے 16 پیسے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 9135 روپے سے بڑھ کر 9269 روپے ہوگئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا ہے اور موسم سرما کے دوران قدرتی گیس کا تاریخ ساز شاٹ فال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب صارفین کو ریلیف دینے کے لئے حکومت ایل پی جی پر عائد تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے تاکہ لوگوں کو سستی گیس کی سہولت مل سکے، جے جے وی ایل کی بندش سے نہ صرف حکومت کو اربوں روپے مالیت کے ریونیو کا نقصان کا سامنا ہے بلکہ عوام بھی سستی گیس کی سہولت سے محروم ہوگئی ہے لہذا اس دوطرفہ نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر جے جے وی ایل کو آپریشنل کیا جائے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں سوئی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایل پی جی امپورٹ کی جامع پالیسی بنائی جائے اور ایل پی جی کی مقامی آٹوموٹیو سیکٹر میں کے استعمال کو قانونی بنایا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی