i پاکستان

انسداد دہشتگردی عدالت میں ڈی چوک سے گرفتار 56 ملزمان کی ضمانت درخواستوں پر نوٹس جاریتازترین

December 11, 2024

ڈی چوک اسلام آباد سے گرفتار 56 ملزمان نے ضمانت کی درخواستیں دائر کردیں۔ اسلام آباد انسداد دہشتگردی عدالت نے 56 میں سے 53 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر 16 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردئیے ہیں، گرفتار ملزمان میں 3 کم عمر بچے بھی شامل ہیں جن کی درخواستوں پر 13 دسمبر کے نوٹس جاری کیے گئے ۔ضمانت کی درخواستوں پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی جبکہ درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری، ہادی علی چٹھہ پیش ہوئے، 56 ملزمان جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد جیل میں ہیں، ملزمان کا تعلق خیبرپختونخوا اور افغانستان کے علاقوں سے ہے۔دریں اثنا ڈی چوک سے گرفتار 9 ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ کسی بے گناہ کو گناہ گار نہیں کرنا میرٹ پر تفتیش کریں، عدالت نے ملزمان کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کسی ملزم کے رول کا تعین نہیں کیا گیا، گھروں سے ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا، پولیس صرف نمبرز پورے کر رہی ہے ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی