پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ 9 مئی پر ن لیگ تھک جائے گی، ثابت کچھ نہیں ہو سکے گا۔فیصل آباد میں اے ٹی سی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت میں 9 مئی کے 4 مقدمات میں پیش ہوئی، ہمارے خلاف مختلف شہروں میں بے بنیاد مقدمات قائم ہیں۔زرتاج گل نے کہا کہ ہمارا جرم پی ٹی آئی کے بانی کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہر جبر اور ظلم کر لیں بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑنا، ہمارے لیڈر کو جیل میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، اس لیے 24 نومبر کو اسلام آباد گئے، ہمارا ایک ہی سوال ہے کہ ہمارے لوگوں پر گولی کیوں چلائی گئی۔زرتاج گل نے مزید کہا ہے کہ لیڈر نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی، یہ ہماری کمزوری نہیں، مذاکرات میں انتخابات سمیت تمام معاملات پر بات ہو گی۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ لیڈر سول نافرمانی کا کہے گا تو قوم مانے گی اور لوگ نکلیں گے۔ دریں انثاء انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل پر 2 مقدمات میں فرد جرم عائد کر دی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں حساس ادارے پر حملہ کیس اور تھانہ غلام محمد آباد کے جلا گھیرا مقدمات کی سماعت ہوئی، اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی عدالت پیش ہوئیں۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل پر دونوں مقدمات میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کے چار مقدمات زیر سماعت ہیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی