پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس جواب جمع کروانے کیلئے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخاب کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی، پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ اکبر ایس بابر بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔دوران سماعت بیرسٹر گوہر علی خان نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن ہمیں کچھ مہلت دے دے، درخواست گزار پہلے دلائل دیدیں بعد میں ہم بھی تفصیل سے دلائل دیں گے، تب تک ہمیں دستاویزات بھی مل جائیں گی۔بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی انٹر پارٹی انتخابات کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ایف آئی اے ہمارا سارا ریکارڈ لے گئی تھی، تاہم ہم نے الیکشن سے پہلے تاریخ دی تھی اور تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والوں نے خود تسلیم کیا کہ انہیں لیول پلئینگ فیلڈ ملی، ہم نے اپنے الیکشن کرانے سے پہلے اخبار میں تاریخ دی۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ درخواست گزار وہی پانچ افراد ہیں جنہوں نے کسی بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے اکبر ایس بابر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے شخص کے ساتھی ہیں جسے پارٹی نے پہلے ہی نکال دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعد جن جماعتوں نے پارٹی الیکشن کروائے انہیں کلیرنس سرٹیفیکیٹ مل گیا، ہمیں ابھی تک الیکشن کمیشن کلیرنس سرٹیفیکیٹ نہیں ملا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی