خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے ضلع ٹانک کی گل امام پولیس چیک پوسٹ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک عام شہری بھی زخمی ہوا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ڈرائیور ہے جو جائے حادثہ کے قریب موجود تھا۔حکام نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہری کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈیرہ اسمعیل خان ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون فافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے اور فرار دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی