امریکا نے سینیئر صحافی اور نامور اینکر ارشد شریف کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کینیا کی حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے پاکستان کے سینیئر صحافی اور نامور اینکر ارشد شریف کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کینیا کی حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اورپاکستانی حکام اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں،نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ ارشد شریف کا تحقیقاتی کام پوری دنیا کے سامنے تھا، معلوم ہے دنیا میں کہاں کہاں صحافیوں کی آواز کو دبانے کی کوشش ہوتی ہے،نیڈ پرائس نے کہا کہ ایسے صحافیوں اور افراد کے لیے امریکا کا خصوصی پروگرام موجود ہے،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا صحافیوں کو تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی کا حق فراہم کرتا ہے، صحافیوں کے حقوق معاشرے کا اہم حصہ ہونا چاہیے، کوئی بھی ان حقوق کا احترام نہیں کرے گا تو امریکا اس پر بات کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی