امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ملاقات کی، اس موقع پر خطے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بلاول بھٹو نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا، امریکی وزیرخارجہ نے سیلاب متاثرین کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیرآب ہے، متاثرین کیلئے 17 امدادی طیارے بھجواچکے ہیں، یہ پاکستان کیلئے انتہائی مشکل لمحہ ہے، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں، سیلاب سے کینیڈا کی آبادی جتنے شہری متاثر ہوئے ہیں، افغانستان کی ترقی پاکستان اور امریکا دونوں کیلئے ضروری ہے، افغانستان کی ترقی پاکستان اور امریکا دونوں کا مشترکا مسئلہ ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہی کا سامنا ہے، سیلاب اور بارشوں کے بعد 100 کلومیٹر طویل جھیل بن گئی، پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتکاری کی واپسی ہو گئی۔ ملاقات اور پریس کانفرنس کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان اور امریکا کی دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگا دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی