i پاکستان

الخدمت فائونڈیشن نے پنجاب کی جیلوں میں مستحق قیدیوں کیلئے کھانے کے 5 ہزار لنچ باکس اور پانی کی بوتلیں متعلقہ حکام کوفراہم کردیںتازترین

May 21, 2024

الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے پنجاب کی جیلوں میں قید مستحق قیدیوں کیلئے کھانے کے 5 ہزار لنچ باکس اور پانی کی بوتلیں متعلقہ حکام کوفراہم کیں، اس سلسلے میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب آفس میں منعقدہ تقریب میں نائب صدور الخدمت فانڈیشن احسان اللہ وقاص، ذکراللہ مجاہد، آئی جی جیل خانہ جات میا ں فاروق نذیر سمیت دیگر تنظیمی و سرکاری حکام شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی کا مقصد ان قیدیوں کو سہولیات فراہم کرنا تھا جو عدالتی سماعت کیلئے جیلوں سے کورٹ کے سفر اور عدالتی سماعت کے دوران دن بھر بھوکے اور پیاسے رہتے ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے الخدمت فانڈیشن پاکستان کے قیدیوں کے لیے جاری کام کو سراہتے ہوئے فلاح و بہبود کو بڑھانے کے لیے مزید اشتراک کے عزم کااظہارکیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کاوشوں سے قیدیوں میں مثبت رجحان پیدا ہوتا ہے۔ ہم الخدمت فانڈیشن کے شکر گزار ہیں جو قیدیوں کو معاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں ہماری مدد کر رہی ہے۔ سید احسان اللہ وقاص نے کہاکہ الخدمت فانڈیشن پاکستان قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے برتنوں، بستر و دیگر سامان کے علاوہ جیل کی بیرکوں میں سہولیات کی فراہمی میں بھی اپنا کرداراداکرتی ہے، پاکستان کی مختلف جیلوں میں خواتین اور مرد قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے پروگرام بھی جاری ہیں جہاں خواتین کے لیے سلائی اور نوجوانوں کیلئے کمپیوٹر سینٹرز قائم ہیں، رمضان المبارک میں افطار کااہتمام اورعیدپرتحائف بھی دئیے جاتے ہیں۔ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ الخدمت فانڈیشن سماجی خدمات پروگرام کے تحت خدمت خلق کے دیگر شعبوں میں خدمات کے ساتھ ساتھ جیلوں میں قید اسیران کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ ان قیدیوں کو مناسب دیکھ بھال اور توجہ سے جرائم کی دنیا سے باہر نکال کر معاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں مدد ملے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی