الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجازانور چوہان کی جانب سے اطلاع کے بغیر بیرون ملک دور ے اور اس حوالے سے انکوائری کمیٹی کی تشکیل سے متعلق رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ انکوائری الیکشن آفیسر خوشاب کے خلاف کی جارہی ہے ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف میڈیا ذرائع نے یہ خبردی ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے اعجاز انور چوہان اپنے بیرون ملک دورے کو چھپایا اور اسکی تفتیش کے لیئے الیکشن کمیشن نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے،یہ خبر درست نہیں ہے ۔دراصل یہ انکوائری الیکشن آفیسر خوشاب کے خلاف کی جا رہی ہے جو کہ بغیر اجازت کے غیر قانونی طور پر بیرون ملک چلے گئے تھے ۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا انتظامی معاملات میں سپروائزری رول ہوتا ہے۔چند متعلقہ افسران،جن میں پی ای سی پنجاب بھی شامل ہیں کے خلاف اس حد تک انکوائری کی جا رہی ہے کہ انہوں نے متعلقہ افسر کے بیرون ملک جانے کی بروقت اطلاع کیوں نہیں دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی