اقوام متحدہ نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے دو ریاستی حل کے لیے عالمی ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین سے کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن مناتے ہوئے کہاکہ میں تمام فریقین سے کشیدگی کو کم کرنے اور موجودہ صورتحال کے لئے فوری پر امن اقدامات کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ تنازعات کے دیرینہ محرکات بشمول جاری قبضے،یہودی آبادکاروں کی بستیوں میں توسیع، فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنا اور فلسطینی عوام میں مایوسی اور ناامیدی کو بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے تمام فلسطینیوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے مالی امداد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ فلسطینی عوام کے لئے ایک امید کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کا واضح موقف دونوں ریاستوں میں امن کو آگے بڑھانا، قبضے کاخاتمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئیے ایک ساتھ مل کر فلسطینی عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کے حصول اور سب کے لیے امن، انصاف، سلامتی اور وقار کے مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی