وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی ) کا بورڈ 29 اکتوبر کو پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر غور کرے گا۔جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ کی ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت پر اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا۔وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی )کی جانب سے نئے دفتر کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اے ڈی بی کا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کیپیٹل ایڈووکیسی فریم ورک کی تکمیل پر تعریف کرتے ہوئے قدرتی آفات کے تحفظ کے پروگرام کیلئے 50 کروڑ ڈالر پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر بھی اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو پالیسی بیسڈ لون کی منظوری پر غور کرے گا۔ورلڈ بینک اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کی سائیڈ لائنز پر وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی معاون وزیربرائے توانائی وسائل سے بھی ملاقات ہوئی۔ دریں اثناء وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی معاون وزیربرائے توانائی وسائل سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔محمداورنگزیب ایس اینڈ پی گلوبل کے نمائندوں سے بھی ملے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ریٹنگ ایجنسی پاکستان کی ریٹنگ جلد ہی اپ گریڈ کرے گی۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری دیماہ الیحیی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرخزانہ نے پاکستان کے آئی ٹی شعبہ میں ترقی کے امکانات کی اہمیت اجاگر کی۔محمداورنگزیب نے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل غیرملکی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل گورننس میں اشتراک ہونا چاہیے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے دبئی اسلامی بینک کے گروپ سی ای او ڈاکٹر عدنان چلوان سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی مالی ضروریات پوری کرنے میں بروقت مدد فراہم کرنے پر بینک کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں بینک کے آپریشنز میں توسیع کے عزم کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے آگاہ کیا کہ حالیہ دنوں میں فِچ اور موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔ انہوں نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں رسائی کے لیے بانڈز کے ذریعے فنڈنگ کے تنوع کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں دبئی اسلامی بینک کی جانب سے مختلف قرضوں کی پیشکش پر تبادلہ خیال ہوا اور اس حوالے سے باہمی تعاون کا عزم کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی