i پاکستان

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رواں سال پاکستان کی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی پیشگوئیتازترین

April 09, 2025

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سالی کے معاشی ترقی بڑھ کر 3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، آئی ایم ایف قرض پروگرام سے معاشی ترقی بہتر ہوگی، اصلاحات کے باعث پاکستانی معیشت میں استحکام اورترقی آرہی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کردی، جس میں رواں مالی سال کے دوران ملک کی مجموعی اقتصادی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی گروتھ میں بہتری آ سکتی ہے اور شرح نمو 3 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق سخت مالیاتی نظم و ضبط، پائیدار میکرو اکنامک پالیسیوں اور جاری اقتصادی اصلاحات کے باعث معیشت میں تدریجی استحکام آ رہا ہے، جو مستقبل قریب میں بہتر گروتھ کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح 6 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ مزید کم ہو کر 5.8 فیصد تک جا سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل اور دیگر کموڈیٹیز کی قیمتوں میں استحکام کے باعث پاکستان میں مہنگائی کنٹرول میں آ رہی ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے تحت کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سے معیشت کو سہارا ملا ہے۔ پالیسی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور اقتصادی شفافیت کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ، ترسیلات زر کی بہتری، مہنگائی میں کمی اور پالیسی ریٹ میں توازن سے رواں مالی سال میں گروتھ کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کی شمولیت اور لیبر فورسرپورٹ میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت کم ہے، جو پیداواری صلاحیت میں رکاوٹ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے سفارش کی ہے کہ خواتین کی معاشی شمولیت بڑھانے کے لیے تعلیمی مواقع، ووکیشنل ٹریننگ اور اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز کا دائرہ کار وسیع کیا جائے، تاکہ مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق انہیں نوکریوں کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی