سپریم کورٹ نے ایس سی او اجلاس کے دوران 3 روز کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے اسلام آباد میں تین روزہ چھٹیوں کے اعلان کے بعد سپریم کورٹ رولز کے تحت سپریم کورٹ میں بھی تعطیلات کی منظوری دے دی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تین روزہ تعطیلات کا اطلاق صرف سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد پر ہوگا، پرنسپل سیٹ اسلام آباد کے علاوہ تمام صوبائی رجسٹریاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی،نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے باعث 14 تا 16 اکتوبر تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایس سی او سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے باعث جڑواں شہروں میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے ، اسلام آباد اور راولپنڈی اضلاع میں پیر منگل اور بدھ کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی