i پاکستان

ایس ایم ایز کیلئے قرض کی رقم بڑھا کر 15لاکھ کرنے کا خیر مقدمتازترین

January 17, 2025

چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوی ایشن و ایگزیکٹو ممبر پیاف راجہ راحیل اشفاق نے وزیر اعظم کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے قرض کی رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 15لاکھ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر سروے کیا جائے ،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کو سٹڈی کرنے کی ضرورت ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں ،بہت سے ممالک ایس ایم ایز کے ذریعے جتنی برآمدات کر رہے ہیں اتنی ہماری مجموعی برآمدات کا حجم بھی نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو ایس ایم ایز برآمدی انڈسٹری کے طور پر ترقی دینا ہو گی جس کے لئے کامیاب ممالک کو سٹڈی کیا جائے ، اس کے لئے ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے قرض کی فراہمی کو آسان بنایا جائے اور اسے انشورنس پالیسی سے جوڑا جائے تاکہ کسی نقصان کی صورت میں حکومت پر بوجھ نہ پڑے ۔ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے اور ان کی برآمدات کے فروغ کے لئے ذہن سازی کی جائے ۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی