i پاکستان

ایس آئی ایف سی اور حکومتی اقدامات سے کرنٹ اکاونٹ بیلنس میں خاطر خواہ اضافہتازترین

September 28, 2024

ایس آئی ایف سی کے تعاون اور حکومتی اقدامات سے ملکی کرنٹ اکاونٹ بیلنس میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلٹی کونسل کی معاونت سے حکومتی اقدامات کے ذریعے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ۔ آئی ٹی کی بڑھتی ہوئی برآمدات، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی ترسیلات زرپاکستان کے کرنٹ اکانٹ بیلنس میں خطیر اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکانٹ بیلنس 3 ماہ تک منفی رہنے کے بعد 75 ملین ڈالر اضافے کے ساتھ مثبت ہو گیاہے ۔ آئی ٹی کی برآمدات 27 فیصد اضافے کے ساتھ 298 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جس کے باعث اب آئی ٹی سیکٹر کا حصہ کل برآمدات میں 48 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔ اسی طرح غیرملکی سرمایہ کاری کی مد میں رواں مالی سال کے آغاز میں ہی 64 فیصد اضافے کے ساتھ 350 ملین ڈالر موصول ہونا ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 225 ملین ڈالر تھی ۔ دریں اثنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زراگست 2023 کے مقابلے میں 2.09 ارب ڈالر سے بڑھ کر اگست 2024 میں 2.94 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں ۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملکی معیشت کو مضبوطی و استحکام بخشنے کے لیے کرنٹ اکانٹ بیلنس میں خاطر خواہ اضافہ حکومتی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی