i پاکستان

ایوان بالا کا حالیہ اجلاس 21 جون2024 تک جاری رہے گاتازترین

June 07, 2024

سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان بالا کا حالیہ اجلاس 21 جون2024 تک جاری رہے گا، ایوان بالا کی کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے معاملات جلد ازجلد طے کیے جائیں۔سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں ایوان بالا کے 339 ویں اجلاس کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور خوص کیا گیا۔ سیکرٹری سینیٹ سید حسین حیدر نے کمیٹی کو حالیہ اجلاس کے متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان بالا کا حالیہ اجلاس 21 جون2024 تک جاری رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہدایت کی کہ ایوان بالا کی کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے معاملات جلد ازجلد طے کیے جائیں تاکہ قواعدکے مطابق کمیٹیوں کی تشکیل مکمل ہو سکے۔ ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد حزب اختلاف سید شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون و انصاف محمد اعظم نذیر تارڑ کے علاوہ سینیٹر ز شیری رحمان، عرفان الحق صدیقی، عطاالرحمن، جان محمد، منظور احمد، کامل علی آغا، ہدایت اللہ خان اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی