i پاکستان

اینکر پرسن عبداللہ حسن ٹریفک حادثے میں جاں بحقتازترین

September 09, 2024

کراچی میں شارع فیصل پر کار حادثے میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن سید عبداللہ حسن جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) جنوب سید اسد رضا نے بتایا کہ 40 سالہ سید عبداللہ حسن نامی اینکر پرسن گاڑی چلا رہے تھے جب ٹریفک سگنل کے قریب گاڑی نے فٹ پاتھ کو ٹکر ماری، ریسکیو سروسز نے اینکر پرسن کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی )جنوب ساجد سدوزئی نے حادثے کی وجہ تیزرفتاری کو قرار دیا، مزید بتایا کہ گاڑی کا اگلا حصہ شدید متاثر ہوا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مرحوم اینکر پرسن کی فیملی سے اظہار تعزیت کیا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شرجیل میمن اینکر پرسن کے گھر بھی پہنچے تھے۔ بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا صحافت میں سید عبداللہ حسن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی صحافی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، مرحوم اینکرپرسن کی فیملی سے تعزیت میں گورنر سندھ کا کہنا تھا اللہ مرحوم کو معافی عطا فرمائے، ان کو بلند درجات عطا کرے اور خاندان کو صبر عطا فرمائے، آمین۔ پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل کی ترجمان شازیہ مری نے بھی حادثے میں اینکر پرسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس غم اور مشکل وقت میں خاندان کے دکھ میں برار کے شریک ہیں۔ پولیس اور ریسکیو سروسز حکام کے مطابق اس سے قبل جولائی میں بلوچ کالونی فلائی اوور پر فیول ٹینکر حادثے میں صحافی جاں بحق ہوگیا تھا۔ کراچی ٹریفک پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) احمد نواز چیمہ نے بتایا کہ حادثے کے باعث مصروف سڑک کے دونوں ٹریک دوپہر تک کئی گھنٹوں کے لیے بند رہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا تھا کہ رات گئے ایک بج کر تیس منٹ پر اطلاع ملی کہ ایک فیول ٹینک جو کہ مکینیکل خرابی کے باعث ٹینکر سے الگ ہو گیا تھا، فلائی اوور پر ٹینک ساتھ ہی گزرنے والی سوزوکی مہران گاڑی پر جا گرا، جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور، جن کی شناخت اسد عباس زیدی کے طور پر ہوئی کی موت ہو گئی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان نے مرحوم کی شناخت ان کی جیب میں موجود شناختی کارڈ سے کی انہوں نے مزید بتایا کہ مرحوم ایک نجی ٹی وی چینل کے لیے کام کرتے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی