i پاکستان

این اے 18 ہری پور دھاندلی کیس،عدالت نے الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روک دیاتازترین

July 30, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز کی درخواست پر کارروائی سے روک دیا۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے الیکشن کمیشن کی کارروائی اور 10 جولائی کے آرڈر کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے درخواست پر 60 دنوں میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے، 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن میں کارروائی غیر قانونی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات سے روک دیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر این اے 18، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور بابر نواز خان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی