i پاکستان

ایلیٹ فورس بھی نواز اورشہبازشریف کا لگایا ہوا پودا ہے،وزیراعلی پنجابتازترین

May 17, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس بھی نواز شریف اور شہبازشریف کا لگایا ہوا پودا ہے،میں آپ ہی میں سے ہوں،آپ کی یونیفارم پہن کر آئی ہوں، یہ وردی نہیں وہ قومی خدمت ہے جو کم بیٹوں اور بیٹیوں کے نصیب میں آتی ہے، ایلیٹ فورس کی بچیاں بیٹوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنے فرائض انجام دیں گی۔ جمعہ کو لاہور کے بیدیاں ٹریننگ سنٹر میں ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئیں۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے ارکان اور آئی جی پنجاب بھی شریک ہہوئے جبکہ وزیراعلی پنجاب نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں پاس آٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، 860 ایلیٹ فورس کے جوان پاس آوٹ ہو رہے ہیں، تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہورہی ہے، جب میں آپ کو حلف لیتے ہوئے سن رہی تھی تو میرے رونگٹے کھڑے ہورہے تھے، چاہے میں ہوں یا آپ ہوں، میں سمجھتی ہوں کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جو چند افراد کے حصے میں آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے آج جان کے خوشی ہوئی کہ پاس آوٹ ہونے والے 860 جوانوں میں 70 خواتین ہیں، میں ان کے والدین کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں اور جب قوم کی بیٹیاں لڑکوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض انجام دیں گی تو ہم کو فخر ہوگا، جب بھی میں کسی شہید کو دیکھتی ہوں تو دل میں سوچتی ہوں کہ شہادت کا جذبہ بھی کیا جذبہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مٹی پر قربان ہونے کے لیے اتار دیتے ہیں، میں اس جذبے کو سلام کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے 85 جوان شہید ہوچکے ہیں، میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ ان کو بلند درجات سے نوازے، قرآن کہتا ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ہمیں خبر نہیں لیکن وہ لوگ زندہ ہیں، انسپکٹر جنرل کے ساتھ میرا رابطہ رہتا ہے، وہ جرات مند انسان ہیں، وہ پولیس فورس میں کافی تبدیلیاں لارہے ہیں، میں ان کو کہتی ہوں کہ ان کو جس بھی سہولت کی ضرورت ہوگی وہ ان کو ملے گی، وسائل میں کمی نہیں آئے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پولیس چوکیوں پر حملے ہورہے ہیں جن کو ہمارے جوان بہت بہادری سے روک رہے ہیں اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کر رہے ہیں تو میں نے آئی جی کو کہا ہے کہ جو جدید ہتھیار انہیں چاہیے وہ لیں، اس میں رات کے اندھیرے میں دیکھنے والی دوربین بھی ہم نے دی ہیں اور ان کو وسائل میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جب میں گھر سے نکلتی ہوں تو میرے کندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے، یہ وردی بہت بڑا امتحان ہے، جو حلف آپ نے اٹھا یا ہے، جو وعدے آپ نے کیے ہیں وہ نبھانے ہیں، مظلوم کی داد رسی کرنی ہے اور انصاف کے ساتھ آپ نے کھڑے ہونا ہے اور ہم پولیس پر لگے ہوئے دھبے دھوئیں گے اور لوگ اپنے گھروں میں سکون سے سوئیں گے.

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی