ایئرپورٹس پر نئے انٹرپول سسٹم کے نفاذ کے بعد پہلی تاریخی کارروائی میں 2 لاپتہ بچے بازیاب ہو گئے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس پر انٹرپول سسٹم کی آئی بی ایم ایس کے ساتھ نفاذ کے بعد ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے لاپتا ہونے والے 2 بچوں کو پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لے لیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر آئی بی ایم ایس سسٹم کے ساتھ ہوائی اڈوں پر نئے انٹرپول سسٹم کا نفاذ کیا گیا تھا۔ بچوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بشکیک سے پہنچنے پر تحویل میں لیا گیا، بچوں کی گمشدگی کی اطلاع پنجاب پولیس کی جانب سے دی گئی تھی، اور گمشدگی کا مقدمہ سال 2022 میں تھانہ برکی لاہور میں درج کیا گیا تھا، ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے بچوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔بچوں کی شناخت محمد حذیفہ اور احمد عمیس عابد کے نام سے ہوئی ہے، انٹرپول پاکستان نے بچوں کی گمشدگی کے حوالے سے ییلو نوٹسسز جاری کیے تھے، نئے نفاذ ہونے والے سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں کی بازیابی ممکن ہوئی۔نئے سسٹم کی بدولت امیگریش ڈیٹا بیس کو انٹرپول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا ہے، اس سسٹم کی بدولت گمشدہ بچوں، چوری شدہ پاسپورٹس اور پوری دنیا کو سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جا سکے گا۔رواں سال اپریل میں انٹرپول فائنڈ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کامیاب کارروائی انٹرپول اسلام آباد اور ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد کے درمیان قریبی ورکنگ ریلیشن شپ کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی