سپیشل کسٹم کورٹ نے لاہور ایئرپورٹ پر ایئرہوسٹس سے غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کے کیس میں ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی۔ لاہور کی سپیشل کسٹم کورٹ میں ایئرہوسٹس سے غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی، سپیشل کسٹم کورٹ کے جج رائے یاسین شاہین نے مقدمہ کی سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ سے ملزمہ سے رنگے ہاتھوں غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، ملزمہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔ بعدازاں عدالت نے غیر ملکی کرنسی برآمدگی کیس میں ایئرہوسٹس ملزمہ آسیہ قربانی کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمہ آسیہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔ عدالت نے فیصلے میں ماڈل ایان علی سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔ عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ ملزمہ کے وکیل نے کہا 20 سال سے ایئر ہوسٹس ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے، ایئر ہوسٹس کا 20 سالہ کیریئر میں کوئی کریمنل کیس سامنے نہیں آیا، ملزمہ سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی