i پاکستان

اڈیالہ جیل میں جو سہولیات بانی پی ٹی آئی کو مل رہی ہیں وہ دوسروں کو بھی دیں، فیصل کریم کنڈیتازترین

February 22, 2025

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ اڈیالہ جیل میں جو سہولیات بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مل رہی ہیں وہ دوسروں کو بھی دیں،انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ سے ایک انچ بھی زیادہ ترقیاتی کام کیا ہو تو مراد علی شاہ مستعفی ہونے کو تیار ہیں۔ان خیالات کااظہار فیصل کریم کنڈی نے میاں چنوں آمد کے موقع پر سماجی رہنما مہر اشتیاق لک کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرح اڈیالہ جیل میں دیگر قیدیوں کو بھی دیسی گھی میں پکے مرغ دینے چاہیے، بانی پی ٹی آئی امریکا میں جا کر کہتا تھا کہ جیل سے اے سی اتروا دوں گا، اانسان کو بڑا بول نہیں بولنا چاہیے وہ پکڑ میں آ جاتا ہے۔ اڈیالہ جیل میں وائیلیشنز ہو رہی ہیں، لیکن جو سہولیات قیدی نمبر 804 کو مل رہی ہیں، وہ تمام قیدیوں کو بھی دی جانی چاہئیں۔ گورنر کے پی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی مولانا فضل الرحمان کے پیچھے نمازیں حلال ہو رہی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ کل سربراہ جے یو آئی ف سے متعلق کیا کہتے تھے؟۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام بدامنی اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں، 2013 میں ہم نے پرامن صوبہ پی ٹی آئی کے حوالے کیا تھا لیکن آج کے پی کی حالت دیکھ لیں کیا ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں اسٹیڈیم دنوں میں مکمل ہوئے لیکن کے پی میں ایسا نہیں ہوا ۔ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام عمران خان اسٹیڈیم رکھنے سے ترقی نہیں ہوگی، بلکہ ضروری ہے کہ اسے بھی محسن نقوی کے حوالے کر دیا جائے تاکہ یہ جلد مکمل ہو سکے ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کو پیار دیا، عوام کی اسی طرح محبت رہی تو جلد بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور وزیر اعلی سندھ کا موازنہ کریں، سندھ کی ترقی سب سے زیادہ نظر آتی ہے، اگر علی امین گنڈاپور نے ایک انچ بھی زیادہ کام کیا تو ہمارے وزیر اعلی عہدہ چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و ترقیاتی کاموں کی صورتحال انتہائی مایوس کن ہے، جبکہ سندھ میں بغیر صحت کارڈ کے بھی عوام کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ جو حکومت کروڑوں نوکریاں اور لاکھوں گھر دینے کے وعدے کرتی تھی، اسی نے محض ایک بل کے ذریعے 20 ہزار ملازمتیں ختم کر دیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی