i پاکستان

ایڈہاک ججز کی تقرری، شبلی فراز کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے نام خطتازترین

July 19, 2024

سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر سینیٹر شبلی فراز نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے نام خط لکھ دیا۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے چیئرمین جودیشل کونسل و چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط میں جوڈیشل کونسل سے ایڈہاک ججز کی تجویز مسترد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ خط میں شبلی فراز نے کہا کہ ایڈ ہاک ججز تقرری سے یہی تاثر جاتا ہے کہ یہ سب ایک جماعت کیلئے کیا جا رہا ہے، ایڈ ہاک ججز کی تقرری سے یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ یہ عدلیہ میں ایک جماعت کے خلاف آرا کو بیلنس کرنے کی کوشش ہے، مستقل ججز کی تقرری کے بعد زیر التوا مقدمات کو وجوہ بنا کر ایڈہاک ججز کی تقرری نہیں ہو سکتی۔ خط میں متن میں کہا کہ ایڈہاک ججز تقرری کی تجویز اسی دن آئی جب سپریم کورٹ نے5-8 سے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا، ایڈہاک ججز کی سلیکشن کیلئے کوئی شفاف طریقہ کار نہیں اپنایا گیا، الجہاد ٹرسٹ کیس کے بعد کسی ایڈ ہاک جج کی 3 سال کیلئے تقرری نہیں ہوئی، سپریم کورٹ میں مستقل ججز کی تقرری حال ہی میں کی گئی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی مشاورت کے بغیر ہی ججز کی سلیکشن کی گئی، شفاف طریقہ کار کے بغیر ججز کی تقرری مزید پریشان کن ہے، زیر تجویز جج (ر) مقبول باقر نگران حکومت میں اہم آفس ہولڈر رہے، اسی طرح زیر تجویز جج (ر) طارق مسعود نے سو پی ٹی آئی سپورٹرز کی ملٹری کسٹدی کیس کو طول دیا اور زیر تجویز جج(ر)مظہر میاں خیل نے پی ٹی آئی اور رہنماں پر آرٹیکل 6 لگانے کے ریمارکس دیئے۔ خط میں لکھا کہ سپریم کورٹ میں سویلین کا ملٹری ٹرائل، 8 فروری الیکشن کیس اور حال ہی میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملات زیر التوا ہیں، ایسی صورت حال ہی میں ریٹائرڈ ججز کی تقرری سے سنجیدہ اور جائز خدشات جنم لینے لگے ہیں، موجودہ چیف جسٹس کی قلیل مدت ملازمت میں زیر التوا کیسز میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آ سکے گی، زیر التوا کیسز کا معاملہ آنے والے چیف جسٹس پر چھوڑ دیا جائے۔ شبلی فراز نے خط میں کہا کہ ایڈہاک ججز کی تقرری میں کوئی شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہئیں، پاکستانی عوام آزاد اور بغیر مداخلت کے عدلیہ کے سٹیک ہولڈرز ہیں، میں عوام، پاکستان بار کونسل اور متعدد بار کونسلز کی ترجمانی کر رہا ہوں۔ خط میں مزید کہا گیا کہ ایڈہاک ججز کی تقرری عوام میں عدلیہ میں مداخلت کا تاثر دے رہی ہے، جب قاضی فائز عیسی جوڈیشل کونسل کے ممبر تھے تو ججز تقرری میں شفافیت پر زور دیتے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی