بھارتی شہر احمد آباد کے ایئر پورٹ پر اترنے میں ناکامی پر ایتھوپین ایئر لائن کے طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایتھوپین ایئر لائن کا ایک بوئنگ 737 کارگو طیارہ پرواز ای ٹی 3644 کے طور پر ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا سے اڑان بھر کر بھارتی شہر احمد آباد پہنچا جہاں طیارے نے گزشتہ صبح مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 15 منٹ پر ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی، طیارہ رن وے کے عین قریب پہنچ گیا مگر لینڈنگ نہ کر سکا۔ اے ٹی سی کی ہدایت پر پائلٹ 1500 فٹ کی بلندی سے واپس چلا گیا، بعد ازاں پائلٹ نے طیارے کا رخ کراچی کی طرف کر دیا اور سوا گھنٹے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 31 منٹ پر اس طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی۔ کراچی میں عملے نے ریسٹ کیا اور بعد میں کارگو طیارے نے احمد آباد کے لیے اڑان بھری۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی