i پاکستان

عظمی بخاری نے اتحادی پیپلز پارٹی پر تنقید کے نشتر برسادیےتازترین

January 10, 2025

وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے مسلم لیگ ن کی اتحادی پیپلزپارٹی پر بھی تنقید کے نشتر برسادیے۔اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے، مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے جو کئی برس سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں، ایک جماعت ایک صوبے میں 16 سال سے دوسری 12 سال سے اقتدار میں ہے، ان دونوں سے کارکردگی پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جو کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ زبان درازی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف کے وژن اور انکی لیڈرشپ میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، شہبازشریف اور مریم نواز کی انتھک محنت سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئی ہیں، مشکل وقت گزر چکا اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے۔بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے نہیں بلکہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہے، اب جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دیں گے۔ مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کریں گی۔وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی

باقی صوبوں کے لیے مثال ہے، پنجاب گڈ گورننس، میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے، مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو اسکالرشپ، گرین ٹریکٹر، لائیو اسٹاک کارڈ دے رہی ہیں۔قبل ازیں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلی پنجاب کے گزشتہ روز پاک پتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب پر اپنے ردعمل میں مریم نواز کو "Nepo Baby" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان بننے کی ناکام کوشش کررہی ہیں، مریم نواز کو عمران خان بننے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں اور شریف خاندان کو خواب میں بھی عمران خان نظر آتے ہیں۔بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کے بجائے لندن منتقل ہو رہا ہے، جو لیڈر سردرد کے علاج کے لیے بھی لندن جاتا ہو، وہ عوام کے لیے کیا کرے گا؟، چچا اور بھتیجی دونوں وفاقی اور صوبائی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ شریف خاندان کے منی لانڈرنگ قصے زبان زدعام ہے، جعلی حکومت نے اس بار کرپشن کے ساتھ لاقانونیت کو بھی فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا پہلا قرض اتارنے والا صوبہ بن گیا ہے، خیبر پختونخوا میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی