i پاکستان

اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتا شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردیتازترین

May 29, 2024

اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی لاپتا شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے کیس کی سماعت کی ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔ کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے تھانہ رپورٹ اسلام آبادہائی کورٹ میں پیش کردی۔ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ احمد فرہاد گرفتار اوردھیرکوٹ آزاد کشمیر پولیس کی حراست میں ہیں۔ کیس کی سماعت کے دوران شاعر کی وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ روسٹرم پر آ ئیں اور موقف اپنایا کہ ایک اور شہری لاپتا ہوا جس کی چار دن بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ کی انفارمیشن کیا ہے؟ ایمان مزاری نے کہا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹس کر رہا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اس معاملے کو دیکھ لیں، عدالت نے کہا کہ ابھی میں کچھ نہیں کہ رہا صرف آپ کو انفارم کر دیا ہے کہ اس کو دیکھ لیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کسی کی ایجنسیوں سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ قانون کے مطابق کام کریں۔ وزیر قانون نے کہا کہ چودہ چودہ سال کے بچے بم باندھ کر پھٹ رہے ہیں، جسٹس کیانی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ادارے قانون کے تحت کام کرنے کی عادت ڈالیں گے۔ وزیر قانون نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بھی اپنا رول ادا کرنا چاہیے، جسٹس محسن کیانی نے کہا کہ ہم نے کچھ سوالات اٹھائے تھے جن کے جواب آنا باقی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ سننے میں آیا کہ پیمرا نے عدالتی کاروائی کو ٹی وی پر دکھانے پر پابندی لگائی ہے، وزیر قانون نے کہا کہ سر وہ الگ معاملہ ہے جو یہاں زیر سماعت نہیں۔ حامد میر نے کہا کہ پیمرا رولز کے مطابق صحافیوں پر ایسی کوئی پابندی عائد نہیں ہوسکتی، گر یہاں پیمرا نے ہمیں عدالتی کارروائی کو نشر کرنے سے روک دیا۔ دوران سماعت وزیر قانون نے سوشل میڈیا پر غلیظ مہم چلانے کا ذکر کیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ تارڑ صاحب سوشل میڈیا کو چھوڑیں، میں نہیں دیکھتا تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عدالت عالیہ نے تھانہ دیھر کوٹ آزاد کشمیر سے شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرنے کی ہدایت کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی