عمران خان سے ملاقات کے لیے بیرسٹر گوہر کی درخواست پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے درخواست کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرادی۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ سے بیرسٹر گوہر علی کی ٹیلی فون پر بات بھی ہوئی تھی، اس حوالے سے ترجمان نے بیان میں بتایا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے درخواست کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم انہوں نے ملاقات کی اجازت کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ترجمان کے مطابق ایس سی او سربراہی کانفرنس اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں جیل میں تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی ہے۔ کسی ایک قیدی کو ملاقات کی اجازت دینا دیگر قیدیوں کے ساتھ دہرے معیار اور سلوک کے زمرے میں آئے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی