i پاکستان

عمران خان پرقاتلانہ حملہ،امریکہ،برطانیہ سمیت دنیا بھر سے مذمتیں، صحت یابی کے لئے دعاتازترین

November 04, 2022

امریکہ، برطانیہ، جرمنی، سعودی عرب، کینیڈا سمیت دیگر ممالک نے عمران خان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ عمران خان کی ریلی میں فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنما چاہئے۔ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ نٹونی بلنکن نے جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین سے بھی افسوس کا اظہارکیا ہے۔ ترجمان وائٹ ہائوس نے بھی عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے بھی عمران خان پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ دوسری جانب جرمن سفیرالفریڈ گراناس نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں موجودہ صورتحال کے باعث ویزا سیکشن آج بند رہے گا۔ سعودی عرب نے بھی سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مملکت، پاکستان کے امن و استحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنے والی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مملکت ہر طرح کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی