i پاکستان

عمران خان نہیں چاہتے کہ ملک آگے جائے اور عزت کے ساتھ رہے، اسحاق ڈارتازترین

February 04, 2023

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نہیں چاہتے کہ ملک آگے جائے اور عزت کے ساتھ رہے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اپوزیشن میں ملک نیچے جائے۔ سابق وزیراعظم کی ٹوئٹ پر ردعمل میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ عمران خان کی غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ کا مقصد ملک کی سکیورٹی صورتحال کو نقصان پہنچانا اور سیاسی ماحول کو گندا کرنا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسحاق ڈار نے لکھا کہ عمران خان کی جانب سے دنیا میں 24 نمبر کی معیشت کو 2022 میں 47 ویں نمبر پر پہنچانا ان کی بدانتظامی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے بھرمار دور کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا خمیازہ آج پاکستان کے عوام ناقابل برداشت مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ لیگی سینیٹر کا کہنا ہے کہ ہر کوئی جانتا ہے جب سے خود غرض اور تکبر میں مبتلا عمران خان کو آئینی طریقے سے وزارت عظمی کی کرسی سے ہٹایا گیا تو وہ پاگل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان کا موازنہ کیا ہی نہیں جا سکتا، شہباز شریف نے ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کے طور پر عمران خان کو نیشنل ایکشن پلان اور قومی سلامتی کے لیے ڈائیلاگ میں شرکت کی دعوت دی لیکن اس پر عمران خان کا احمقانہ ردعمل انہتائی حیران کن ہے۔ اسحاق ڈار نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ انتہائی معذرت کے ساتھ، عمران خان چاہتے ہیں ملک عزت کے ساتھ آگے بڑھنے کے بجائے نیچے جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی