وزیراعظم شہبازشریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے جج کا نام لے کر انہیں دھمکایا، ستم ظریفی دیکھیں آج اسی جج سے ضمانت لینی پڑے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پرویزالہی کی فسطائیت زیادہ دیر نہیں چلے گی، یہ ملک دشمن بیانے کو پروان چڑھا رہے ہیں، وہ اتنا کریں جتنا بعد میں برداشت بھی کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پرویز الہی وزیراعلی نہیں بلکہ وزیراعلانات ہیں، ان کا کام صرف فائلوں میں ہی ہے۔ معاون خصوصی وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے خاتون جج کا نام لے کر انہیں دھمکایا، اور ستم ظریفی دیکھیں آج اسی جج سے ضمانت لینی پڑے گی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ابھی دو دن کا جوڈیشل اور دودن کا جسمانی ریمانڈ ہوا ہے اور تحریک انصاف بھونڈے الزامات پر آگئی، ان میں حوصلہ نہیں، برداشت نہیں، سیاسی تربیت نہیں۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گل نے کہا تھا کہ آئی جی تم مر بھی گئے تو میں تمہاری قبر پر آکر پریس کانفرنس کروں گا۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی